گلگت پولیس اور پراسیکیوشن کے نام پیغام

راجا کاشان

اگر راجا کاشان قتل کیس میں ملزمان بلکہ مجرمان کا تعلق آپ کے خاندان، قبیلے، علاقے یا مذہب سے ہے، اور اس تعلق کی بنیاد پر آپ پر ایک جھوٹی اپنائیت، بھائی چارے یا ہمدردی کا جذبہ غالب آ رہا ہے۔۔۔ تو ٹھہر جائیے!

اگر ان مجرموں کے خاندان بااثر ہیں اور وہ آپ پر کیس کو کمزور دفعات کے ساتھ چلانے یا ملزمان کو بچانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔۔۔

اگر آپ کے اعلیٰ افسران یا دیگر بااختیار ادارے آپ کو اصل حقائق چھپانے یا تفتیش کا رخ موڑنے کا حکم دے رہے ہیں۔۔۔

اور اگر — خدانخواستہ — آپ اس تمام عمل کا حصہ بن جاتے ہیں،

تو یاد رکھیے:

یہ صرف انصاف سے انحراف نہیں ہوگا بلکہ انسانیت سے بھی غداری ہوگی۔

اگر آپ کی ہمدردی جرم پر غالب آ جائے، اگر مذہبی، سیاسی یا سماجی دباؤ آپ کے انصاف کے تقاضوں پر حاوی ہو جائے، اگر آپ کی تفتیش مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے کا ذریعہ بن جائے — تو یقین رکھیے، کل کو یہی المیہ کسی اور کے نہیں، آپ کے اپنے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا سکتا ہے۔

آج راجا فدا کے گھر کا چراغ، تشدد، جبر اور ہوس کی بھینٹ چڑھا ہے۔

کل یہ اندھیری رات آپ کے آنگن میں بھی اتر سکتی ہے۔

کیا آپ نہیں چاہیں گے کہ آپ کے بچے اس معاشرے کے درندہ صفت عناصر سے محفوظ رہیں؟

کیا آپ نہیں چاہیں گے کہ آپ کا بیٹا، جو فون سننے کے لیے باہر گیا، خیریت اور عزت کے ساتھ واپس گھر لوٹ آئے؟

اگر واقعی ایسا ہے —

تو انصاف کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیے۔

اس کیس کے مجرموں کو بچانے، ان کا جرم چھپانے، یا ان کی سزائیں کم کروانے کی کسی سازش کا حصہ بننے کا سوچنا بھی چھوڑ دیجیے۔

ورنہ کردار بدلیں گے،

کہانی وہی دہرائی جائے گی،

اور شاید اگلی بار مرکزی کردار آپ کا اپنا کوئی عزیز ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے