آئی جی گلگت بلتستان جناب ثنا اللہ عباسی نے ہنزہ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے سیاسی و سماجی اداروں کے عہداران سے ہنزہ کو درپیش مسائل کے بارے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنزہ ایک پرُ امن علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں۔ ہنزہ خواندگی کی وجہ سے دنیا میں مشہور ہے۔ یہاں کے لوگوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کے تعلیم اور تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
جی بی پولیس ہمیشہ ہنزہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہنزہ ہر حوالے سے اپنی مثال آپ ہے جسکی حفاظت کرنے اور طلباء و طالبات کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لے جانے میں جی بی پولیس ان کی بھر پور مدد کریگی۔
آئی جی پی گلگت بلتستان کے اس دورے کے موقع پر ہنزہ کے سماجی اور سیاسی اداروں کے عہدادارن نے مختلف وفود کی شکل میں ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس اور کے ایس ایف میں ہنزہ کو موثر نمائندگی دینے پر زور دیا۔
اس موقعے پر ہنزہ پریس کلب کے ممبران اور عہداداران نے آئی جی گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی سے صدر اجلال حسین کی قیادت میں ملاقات کی۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان کو ہنزہ آمد پر خوش آمدید کہا اور ہنزہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ آئی جی گلگت بلتستان نے ہنزہ پریس کلب کے ممبران کی نشاندہی پر ہنزہ میں سیاحت کے سیزن میں درپیش ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے نفری بڑھانے کی یقین دلائی ۔
آئی جی گلگت بلتستان نے آغاخان ہائیرا سیکنڈری سکول کریم آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کیا اور طلباء کے سوالوں کے جوابات دئیے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک اور علاقے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ طلبہ و طالبات معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
آئی جی گلگت بلتستان ثنا االلہ عباسی کے دورہ ہنزہ کے موقع پرجہاں ہنزہ میں سیاحت کے سیزن میں ٹریفک کے مسائل کا ذکر ہوا وہاں پر ہنزہ علی آباد اور کریم آباد میں خدمات انجام دینے والے دو ٹریفک اہل کار انعام کریم اور نصیر الدین کو ان کی بہترین کارکردگی کے باعث ہنزہ پریس کلب کے صحافیوں نے اپنی مشاہدہ کے تحت ترقی دینے اور انہیں انعام دینے کی سفارش کی، کیونکہ یہ دو اہل کار سیاحت کے سیزن میں ہنزہ میں ٹریفک کی روانگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آئی جی گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی نے ان دو ٹریفک اہل کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ایس پی ہنزہ کو ہدایت دی۔
یاد رہے کہ ٹریفک اہل کار انعام کریم ، کریم آباد ہنزہ میں تنگ اور خراب روڑ پر دن رات ٹریفک کی روانگی کو برقرار رکھنے میں مصروف عمل رہتے ہیں اور نصیرالدین علی آباد ہنزہ مین بازار میں خدمات انجام دیتے ہیں۔